اسٹرابیری کا موسم آتے ہی یہ بازاروں میں جگہ جگہ نظر آنے لگتی ہے۔ دل کی شکل سے مشابہ گلاب کے خاندان سے تعلق رکھنے والی اسڑابیری شگفتہ سرخ رنگت اور سر پر سبز پتوں کا تاج لیے ایک ہردلعزیز پھل ہے، جسے صحت کی ضمانت بھی کہا جاتا ہے۔ جدید طبی تحقیقات کے مطابق اسٹرابیری کا روزانہ استعمال انسان کی قوت مدافعت کو بڑھانےاور صحت مند رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اسٹرابیری میں ایسے قدرتی اجزا پائے جاتے ہیں، جو عارضہ قلب اور کینسر جیسے کئی مہلک امراض سے لڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اسٹرابیری میں پوٹاشیم اور منرلز ہوتے ہیں جو جسم کا مدافعتی نظام بہتر بناتے ہیں۔
اس میں موجود ایلیجک ایسڈ اور فلیونوائڈز ایسا اینٹی آکسیڈنٹ اثر فراہم کرتے ہیں، جس سے دل کی صحت بہتر ہوتی ہے۔ یہ خون میں خراب کولیسٹرول کے اثرات کا مقابلہ کرتے ہیں، جو شریانوں میں خون گاڑھا کرنے کا باعث بنتے ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق اسٹرابیری وٹامن سی کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے۔ اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور اسٹرابیری موتیے کے مرض کی روک تھام میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ اسٹرابیری میں موجود وٹامن سی کولاجن کو بڑھانے کے لیے بھی اہم ہے۔ کولاجن جِلد کی لچک اور نرمی کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے۔
اسٹرابیری میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس اور دیگر اجزا جوڑوں کے ورم کا اثر کم کرنے میں بھی ممکنہ طور پر مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔ 600سے زائد اقسام کی اسٹرابیریز پاکستان سمیت دنیا بھر میں آئسکریم، ملک شیک اور دیگر مشروبات، میٹھے پکوان اور سلاد کی جان ہیں۔ ہم اپنے قارئین کے لیے اسٹرابیری سے بنائے جانے والے میٹھے پکوان اور مشروبات کی ترکیبیں پیش کررہے ہیں
بشکریہ جنگ نیوز