آم اور تربوز… گرمیوں میں قدرت کی عطا کردہ نعمتیں
گرمیوں کے موسم میں لوگوں کو آم اور تربوز کا شدت سے انتظار رہتا ہے۔ موسم گرما کے آغاز سے ہی بازاروں میں لال تربوز نظر آنا شروع ہوجاتے ہیں۔ جسم میں پانی کی مناسب مقدار برقرار رکھنے اور ٹھنڈک پہنچانے کے لیے یہ بہترین پھل مانا جاتا ہے۔ اس مزیدار پھل کا 92فیصد حصہ پانی پر مشتمل ہوتا ہے اور یہ صحت کے لیے انتہائی فائدہ مند ہے۔
اس میں متعدد قدرتی اجزاءجیسے وٹامن اے، بی6 اور سی، پوٹاشیم، لائیکوپین اور دیگر موجود ہوتے ہیں۔ اس پھل میں وٹامن سی کی بہت زیادہ مقدار پائی جاتی ہے جس سے انسان کی جِلداور نظر اچھی رہتی ہے۔ تربوز میں فائبر کی بھی اچھی مقدار پائی جاتی ہے جس کی وجہ سے یہ نظام انہضام کے لئے بہت مفید ہے۔ صبح کے وقت خالی پیٹ اگر تربوز کھایا جائے تو یہ سارا دن آپ کو تروتازہ رکھے گا۔
دوسری جانب پھلوں کے بادشاہ آم کی بات کریں تو بچے ہوں یا بڑے یہ ہر ایک کو بے حد پسند ہے۔ اس وقت مختلف قسم کے آم دستیاب ہیں اور لوگ اس پیلے خوش ذائقہ پھل کا خوب مزہ اٹھارہے ہیں۔ رات کو گھر میں سب گھر والوں کے ساتھ مل بیٹھ کر ٹھنڈے ٹھنڈے آم کھانے کا رواج ہمارے ہاں آج بھی زندہ ہے۔ اندرون و بیرون ملک آم کی پیٹیاں تحفہ کے طور پر دوست احباب اور عزیز واقارب کو بھیجی جاتی ہیں۔ یہ پھل کھانے میں جتنا مزیدار ہے افادیت کے لحاظ سے بھی اتنا ہی بیش قیمت ہے۔ طبی لحاظ سے اس کے بے شمار فوائد ہیں اور ایک اندازے کے مطابق یہ تقریباً4ہزار سال سے کاشت کیاجارہا ہے ۔ اس کی کئی اقسام ہیں۔
ہر قسم الگ ذائقہ ،رنگ اور حجم میں پائی جاتی ہے۔ جدید تحقیق کے مطابق آم میں موجود وٹامن اے اور اینٹی آکسیڈنٹس جِلد کو داغ دھبوں سے بچاتے ہیں اور بیٹا کروٹین سے بینائی تیز ہوتی ہے ۔ آم کا استعمال جِلد کو صاف چمکدار بنانے کے ساتھ ساتھ جھریوں سےبھی محفوظ رکھتا ہے ۔یہ قوت مدافعت کو بھی بہتر بناتا ہے۔
علاوہ ازیں یہ نظام انہظام، ہائی کولیسٹرول، آنکھوں،بالوں اور دل کی صحت کے لیے انتہائی مفید ہے۔ آم مختلف کھانوں ،چٹنیوں اور سلاد میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کا ملک شیک بھی بہت پسند کیا جاتا ہے
بشکریہ جنگ نیوز